لاہور میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ، دورانیہ 6 سے 8 گھنٹے تک پہنچ گیا

لاہور میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ، دورانیہ 6 سے 8 گھنٹے تک پہنچ گیا

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نظام پر بڑھتے دباؤ کے باعث شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش 6 گھنٹے تک جا پہنچی ہے، جبکہ مضافاتی اور سرحدی علاقوں میں یہ دورانیہ 8 گھنٹے تک ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔حکام کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور رات کے اوقات میں طلب تقریباً 3600 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔تاہم نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کی جانب سے صرف 2500 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جس کے باعث لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کو تقریباً 1200 میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق دوپہر کے بعد بجلی کی طلب میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے باعث سسٹم کو متوازن رکھنے کے لیے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کیا جاتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ ماہرین کے مطابق طلب اور رسد کے فرق کو کم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔