لاہور اور گردونواح میں سردیوں کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کے 6 سے 7 گرڈ اسٹیشنز کو بیک وقت بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 4 گھنٹے تک پہنچ گیا۔این پی سی سی (نیشنل پاور کنٹرول سینٹر) ہر 4 سے 5 گھنٹے بعد لیسکو کے مختلف گرڈز کو بند کر رہا ہے، اور گرڈ اسٹیشنز پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مکمل کنٹرول این پی سی سی کے پاس ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کے سسٹم پر 800 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے، جبکہ طلب میں اضافہ کے باعث بجلی کی ضرورت 1850 میگاواٹ تک ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
قومی سطح پر بجلی کی پیداوار میں کمی کے سبب غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن گئی ہے، جس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ نیشنل پاور کنٹرول سینٹر ڈیمانڈ اور سپلائی کو مدنظر رکھتے ہوئے لوڈشیڈنگ کر رہا ہے، تاہم شہری سردیوں میں بجلی کی بندش کے باعث سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔