سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات سے قبل ایران میں سخت سکیورٹی انتظامات، مسلح افواج ہائی الرٹ

سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات سے قبل ایران میں سخت سکیورٹی انتظامات، مسلح افواج ہائی الرٹ

ایران میں سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی متوقع آخری رسومات سے قبل ملک بھر میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ مسلح افواج کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

 ایرانی حکام کے مطابق یہ اقدامات کسی بھی ممکنہ خطرے اور غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ تمام مذہبی و سرکاری تقریبات پرامن ماحول میں مکمل ہو سکیں۔ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ ملک کی زمینی، بحری اور فضائی افواج کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور اہم تنصیبات، سرحدی علاقوں اور بڑے شہروں میں سکیورٹی فورسز کی موجودگی بڑھا دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی سکیورٹی فورسز مکمل تیاری کی حالت میں ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری ردعمل دیا جائے گا۔حکام کے مطابق آخری رسومات میں ایران کے اندر اور بیرون ملک سے اعلیٰ سطحی سیاسی، مذہبی اور سرکاری وفود کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے، جس کے باعث دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں میں سکیورٹی پلان مزید سخت کیا گیا ہے۔ اہم شاہراہوں، سرکاری عمارتوں اور مذہبی اجتماعات کے مقامات پر اضافی چیک پوائنٹس قائم کیے جا رہے ہیں۔

ایرانی فضائی دفاعی نظام کو بھی فعال کر دیا گیا ہے، اور مسلسل فضائی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کا فوری پتہ چلایا جا سکے۔ حکام کے مطابق حساس علاقوں میں جدید نگرانی کے نظام اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کو بھی متحرک رکھا گیا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں موجود کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایران انتہائی احتیاطی اقدامات کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ممکنہ سکیورٹی چیلنج سے بچا جا سکے۔ایرانی حکومت نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں، ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں تاکہ آخری رسومات کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔