مریم نواز کی ہدایت، چاند رات پر بازاروں اور بس سٹینڈز میں سکیورٹی ہائی الرٹ

مریم نواز کی ہدایت، چاند رات پر بازاروں اور بس سٹینڈز میں سکیورٹی ہائی الرٹ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کرنے اور ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں چاند رات کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ان کے احکامات کے تحت بس سٹینڈز، تجارتی مراکز اور بازاروں میں اضافی نفری تعینات کی جائے گی تاکہ عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ ویمن پولیس اسکواڈ کے گشت کو یقینی بنایا جائے اور حساس مقامات پر ڈرون کیمروں اور نائٹ ویژن دوربین کا استعمال کیا جائے تاکہ خواتین اور بچوں کو ہراسانی سے بچایا جا سکے۔

ساتھ ہی، ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے سڑکوں پر سخت نگرانی کی جائے گی، اور اے ٹی ایمز اور بینکوں کے اطراف سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ٹرانسپورٹ حکام کو بس اڈوں اور ویگن سٹینڈز کی مسلسل مانیٹرنگ اور کرایہ نامے نمایاں کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔یہ اقدامات عیدالفطر سے قبل بڑھتی ہوئی عوامی سرگرمیوں کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں، حالیہ سکیورٹی پلان کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔