پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 میں آج دو اہم میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ لاہور میں ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے ساتھ سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں دوپہر اڑھائی بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔دوسرا میچ ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان شام 7 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، جسے شائقین کرکٹ کے لیے اہم مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے۔پوائنٹس ٹیبل کے مطابق پشاور زلمی پہلے، ملتان سلطانز دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے ساتھ لاہور پولیس نے جامع سکیورٹی پلان نافذ کیا ہے۔ سی سی پی او لاہور کے مطابق سٹیڈیم، کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں اور روٹس پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی حفاظت، ٹریفک کی روانی اور شائقین کی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ ایونٹ پرامن ماحول میں جاری رہے۔