لاہور : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اپنے عہدے کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے، جس میں جسٹس شکیل احمد اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل ہیں۔ یہ بینچ آج سے لے کر 27 جون تک لاہور رجسٹری میں مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت کرے گا۔لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کے پہلے دورے کے پیش نظر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ رجسٹری کے اطراف پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، اور داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور حساس اداروں کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔چیف جسٹس کی لاہور آمد پر وکلاء برادری کی جانب سے بھی خیرمقدمی پیغامات دیے جا رہے ہیں، جبکہ بار نمائندوں کی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ اس دورے کو عدالتی نظام کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ چیف جسٹس کی براہ راست نگرانی میں مقدمات کی سماعت عوام کے عدالتی نظام پر اعتماد کو مزید مستحکم کرے گی۔
پس منظر:
یاد رہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے حال ہی میں پاکستان کے 30ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا ہے۔ وہ عدلیہ کے ایک تجربہ کار اور باوقار جج سمجھے جاتے ہیں، جنہیں قانون کے شعبے میں کئی دہائیوں کا تجربہ حاصل ہے۔