پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کوالیفائر اور دونوں ایلیمنیٹرز کے میچز کے لیے میچ آفیشلز پینل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری رچی رچرڈسن 28 اپریل کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے کوالیفائر میچ میں ریفری کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
رچی رچرڈسن نے اسی سال پی ایس ایل میں بطور میچ ریفری ڈیبیو کیا ہے اور یہ ان کا کوالیفائر میں دسویں میچ ہوگا۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کرس گیفنی اور انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایلکس وارف کوالیفائر کے دوران آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، جو کہ آئی سی سی کے انٹرنیشنل ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل ہیں۔ کوالیفائر کے لیے، آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے ایمپائر فیصل خان آفریدی اور پی سی بی نیشنل ایلیٹ پینل کے امپائر ذوالفقار جان بالترتیب تھرڈ اور فورتھ امپائر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ دونوں ایلیمنیٹرز کے میچز کے دوران، سری لنکا سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار روشن مہانامہ بطور میچ ریفری کردار ادا کریں گے۔
روشن مہانامہ کو پی ایس ایل کے ہر ایڈیشن میں بطور میچ ریفری کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے اور اب تک وہ 127 میچز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 29 اپریل کو لاہور میں ہونے والے پہلے ایلیمنیٹر میں، حیدر آباد کنگز اور ملتان سلطانز کے مابین میچ کے لیے، بنگلا دیش کے شاہد سیکت اور آصف یعقوب آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔ شاہد سیکت آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر ہیں، جبکہ آصف یعقوب آئی سی سی ایمرجنگ پینل کا حصہ ہیں۔ پہلے ایلیمنیٹر میں، آئی سی سی ایمرجنگ پینل سے راشد ریاض تھرڈ اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل سے ناصر حسین فورتھ امپائر ہوں گے۔ دوسرے ایلیمنیٹر میں، آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائر احسن رضا اور شاہد سیکت آن فیلڈ، جبکہ آصف یعقوب اور راشد ریاض فورتھ امپائر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔