رانا ثنااللہ کا شرجیل میمن سے دوبارہ رابطہ، پانی کے مسئلے پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

رانا ثنااللہ کا شرجیل میمن سے دوبارہ رابطہ، پانی کے مسئلے پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ نے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن سے ایک بار پھر ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس دوران دونوں رہنماؤں نے پانی کے مسئلے پر مشاورت کے عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیلیفونک گفتگو میں نہروں کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے حوالے سے معاملات کو مزید آگے بڑھانے پر بات چیت کی۔ رانا ثنااللہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت تمام مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ایکارڈ کے مطابق کسی صوبے کا پانی کسی دوسرے صوبے کو منتقل نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ایسا کیا جا رہا ہے۔رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ پانی کی تقسیم ایک انتظامی اور تکنیکی مسئلہ ہے، جس کا حل بھی انتظامی اور تکنیکی بنیادوں پر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی صوبے کی حق تلفی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس ضمن میں تمام صوبوں کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔ مشاورت کے عمل کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ ٹیلیفونک رابطہ اور مشاورت کا عمل پاکستان میں پانی کے مسئلے کے حل کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، جس میں تمام صوبوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔