پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کا علاقائی امور پر مستقل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کا علاقائی امور پر مستقل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ نے علاقائی امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں پاک مصر دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاک مصر دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان موجود قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران مشرقِ وسطیٰ سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی امور پر پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔اسحاق ڈار اور ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان علاقائی معاملات پر بھی قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے ریجنل فور (R4) کے وزرائے خارجہ کے ذریعے علاقائی امور پر مشاورت کا سلسلہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے آئندہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی (UNGA) کے اجلاس کے موقع پر ملاقات پر بھی اتفاق کیا ہے۔ اسحاق ڈار اور ڈاکٹر بدر عبدالعاطی آئندہ یو این جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات کریں گے، جہاں علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر مزید تبادلہ خیال متوقع ہے۔