ویب ڈیسک: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے یوم آزادی پر احتجاج کی کال واپس لینے کی اپیل کی ہے۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا دن معرکۂ حق کی کامیابی کے طور پر منایا جا رہا ہے، اس لیے پی ٹی آئی کو چاہیے کہ اپنا احتجاج ایک دن پہلے یا بعد میں کر لے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایکسٹینشن کے مخالف ہیں، جبکہ 27ویں آئینی ترمیم ابھی زیر غور نہیں ہے، تاہم ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔واضح رہے کہ 6 اگست کو پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں پارٹی کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ملک میں جاری فاشزم کے خلاف پوری قوت کے ساتھ سڑکوں پر نکلے۔ یہ پیغام 5 اگست کو پی ٹی آئی کے ناکام احتجاج کے بعد سامنے آیا تھا۔