ڈی آئی جی فیصل کامران کی کھلی کچہری پر شہریوں کا اعتماد

طلباء  وطالبات کی کثیر تعداد براہِ راست کھلی کچہری کا عمل دیکھنے پہنچ گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران کی کھلی کچہری پر شہریوں کا اعتماد اور بڑھتی دلچسپی،طلباء  وطالبات کی کثیر تعداد براہِ راست کھلی کچہری کا عمل دیکھنے پہنچ گئی۔ مردوخواتین سمیت بزرگ شہریوں نے بھی کھلی کچہری میں شرکت کی۔ فیصل کامران نے شہریوں کے مسائل سنے اور حل کے لیے موقع پر متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ انہوں نے والنٹیئرز آف پولیس انٹرنشپ پروگرام کے تحت طلبہ کے وفد کو کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم،فیڈ بیک کے متعلق آگاہ کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے طلبہ کوپولیس ورکنگ، کمیونٹی پالیسنگ، جیو فینسنگ، سی ڈی آر،ڈی این اے و فرانزک رپورٹس اورجرائم کے تدارک کے اقدامات بارے تفصیلی آگاہ کیا۔انہوں نے بتایاکہ گذشتہ ایک سال کے دوران کھلی کچہری میں 9 ہزار 500 سے زائد درخواتیں سنی گئی۔ شکایات کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو 3سے 5دن کا وقت دیا جاتا ہے۔ درخواستوں پر کارروائی یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ فیڈ بیک سیل موجود ہے۔فیصل کامران نے کہا کہ انصاف کے حصول کے لیے قانون کے علم اور اپنے حقوق کا پتا ہونا ضروری ہے۔ کھلی کچہری جنرل ٹرینڈ آف کرائم کو سمجھنے اور حل میں مدد گار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر تفریق عزت و احترام ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ بغیر سفارش ہر شہری کا مسئلہ باعزت طریقہ سے سنا جاتا ہے۔ شہری تھانوں کی سطح پر شکایات کا ازالہ نہ ہونے پر شہری میر ے دفتر آسکتے ہیں۔ طلباء   وطالبات نے ڈی آئی جی آپریشنز کی شہریوں کوانصاف کی فراہمی کے عمل اورکاوشوں کو سراہا۔