زیر ِتربیت افسران کے وفد کا کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ

 افسران ادارہ جاتی وقار کے لئے جانفشانی سے خدمات سر انجام دیں۔سی سی پی او 
لاہور(کرائم رپورٹر)پاکستان ایڈمنسٹریٹوسروس کے 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے زیر ِتربیت افسران کے وفد نے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ کیا۔وفد میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سید بابر علی شاہ کی سربراہی میں 8زیر ِتربیت افسران شامل تھے۔ڈی آئی جی (ایڈمن) عمران کشور نے زیر تربیت افسران کو لاہور پولیس کے تنظیمی ڈھانچے سے متعلق بریفنگ دی۔ وفد کو لاہور پولیس کے پیشہ ورانہ امور، کارکردگی،جرائم کی روک تھام اور دیگر ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا۔وفد کو کھلی کچہریوں کے انعقاد، میثاق سنٹرز، تحفظ مراکزسمیت دیگرعوامی سہولیات سے بھی آگاہ کیا گیاسی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں منظم اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسران ادارہ جاتی وقار کے لئے جانفشانی سے خدمات سر انجام دیں۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ تھانوں میں جدید وسائل کی فراہمی سے پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہتر ورکنگ انوائرنمنٹ سے کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ نوجوان افسران قابلیت، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ خدمت سے ریلیف کی فراہمی کواپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان افسران انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے محفوظ معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ آپ فیوچر لیڈر زہیں لوگوں کو ریلیف کی فراہمی پر بھر پور توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ ایماندار، محنتی اور فرض شناس افسران سول سروس کااثاثہ ہیں۔ وفد نے لاہور پولیس کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے وفد کے سربر اہ سید بابر علی شاہ کو گلدستہ اور یادگاری سونیئرپیش کیا۔