یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وفد کا انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز لاہور کا مطالعاتی دورہ

لاہور(کرائم رپورٹر)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وفد نے ڈاکٹر محمد فرحان خاں اور ڈاکٹر رومان اشرف کی سربراہی میں انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے وفد کو جدید تفتیشی نظام، کرائم سین مینجمنٹ، فرانزک سائنس اور مختلف انویسٹی گیشن برانچز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وفد میں ڈاکٹر عظمیٰ، طالبہ عائشہ یونس، کسواہ احمد، محمد طیب اور دیگر طلبہ شامل تھے۔ دورے کے دوران طلبہ کو کرائم سین، فنگر پرنٹ سیکشن اور دیگر شعبہ جات کا عملی مشاہدہ بھی کروایا گیا۔ انسپکٹر محمد یوسف کی زیر نگرانی طلبہ کو جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے، انہیں محفوظ کرنے اور شواہد کی بنیاد پر تفتیش کے مراحل سے آگاہ کیا گیااس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کا کہنا تھا کہ ایسے مطالعاتی دورے نئی نسل کو پولیس کے پیشہ ورانہ امور اور جدید تفتیشی نظام کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرائم سین اور فرانزک سائنس جدید تفتیش کا بنیادی ستون ہیں اور طلبہ کو ان شعبوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔