سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ ڈویڑنل افسران سحری کے بعد فیلڈ وزٹس کو یقینی بنائیں
لاہور(کرائم رپورٹر)بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں رمضان المبارک کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مساجد، امام بارگاہوں، یومِ علی اور یوم القدس کے سکیورٹی پلان پر جامع بریفنگ دی گئی۔سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ ڈویڑنل افسران سحری کے بعد فیلڈ وزٹس کو یقینی بنائیں جبکہ افطار اور تراویح کے دوران متعلقہ علاقوں میں خود جا کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں میں ضلعی انتظامیہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ مزید برآں رمضان سہولت بازاروں، نگہبان دسترخوان اور رمضان نگہبان کارڈ مراکز پر اضافی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔سی سی پی او لاہور نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بے وسیلہ طبقات کے تحفظ کیلئے لاہور پولیس پرعزم ہے اور ایسے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔اجلاس میں زیرِ تفتیش مقدمات، پینڈنگ روڈ سرٹیفکیٹس اور زیر التواء کیسز کے چالانوں کی بروقت تکمیل میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سی سی پی او لاہور نے افسران کو ہدایت کی کہ پراسکیوشن ڈیپارٹمنٹ سے مربوط رابطہ رکھ کر مقدمات کو جلد از جلد یکسو کیا جائے اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مظلوم کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔