ڈی آئی جی عمران کشور نے لاہور کے ماڈل تھانوں اور ریفارمز پر روشنی ڈالی
لاہور(کرائم رپورٹر) سندھ پولیس کے انڈر ٹریننگ ڈی ایس پیز نے گزشتہ روز کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ سندھ پولیس کے 42 رکنی وفد کی قیادت ایس ایس پی جواد اسحاق نے کی۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور نے وفد کا استقبال کیا اور افسران کو لاہور پولیس کے تنظیمی ڈھانچے، پیشہ ورانہ تربیت، جرائم کی روک تھام اور کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں پولیس کے نظام میں جامع اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں، جبکہ لاہور پولیس محفوظ معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ عمران کشور نے بتایا کہ ماڈل تھانوں میں ملازمین اور سائلین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ڈی آئی جی نے زیر تربیت افسران پر زور دیا کہ وہ جذبہ خدمت اور پیشہ ورانہ مہارت کو اپنا شعار بنائیں۔ سندھ پولیس کے وفد نے لاہور پولیس کی خدمات کو سراہا۔ آخر میں یادگاری سونیئر کا تبادلہ کیا گیا۔