اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان، اسلام آباد کے 42 افسران پر مشتمل وفد نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر سینیٹ سیکریٹریٹ کے حکام نے وفد کا خیر مقدم کیا۔ وفد نے دورے کے دوران سینیٹ میوزیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، سینیٹ کے قیام و ارتقا، جمہوری
سفر اور قانون ساز اداروں سے متعلق تاریخی و معلوماتی مواد کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وفد کے ارکان نے سینیٹ میوزیم میں موجود مختلف تاریخی دستاویزات کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر وفد کو دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ وفد نے گلی دستور کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر وفد کو پارلیمنٹ کے کام کے طریقہ کار،قانون سازی کے عمل،ایوان بالا کی آئینی ذمہ داریوں اور قائمہ کمیٹیوں کے کردار سے متعلق جامع بریفنگ بھی دی گئی