امریکی وزیر دفاع نے یمن حملے کا حساس منصوبہ غیر متعلقہ افراد سے شیئر کیا، رپورٹس

امریکی وزیر دفاع نے یمن حملے کا حساس منصوبہ غیر متعلقہ افراد سے شیئر کیا، رپورٹس

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے نجی سگنل چیٹ گروپ میں یمن پر آئندہ ہونے والے امریکی فضائی حملوں کے بارے میں حساس معلومات غیر متعلقہ افراد کے ساتھ شیئر کیں۔

نیویارک ٹائمز اور سی این این کی رپورٹ کے مطابق، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے یہ معلومات اپنے نجی چیٹ گروپ میں شیئر کیں، جس میں ان کی اہلیہ، بھائی اور ذاتی وکیل شامل تھے۔ اس بات چیت میں حملوں کے شیڈول اور تفصیلات فراہم کی گئیں، جن میں یمن میں حوثیوں کو نشانہ بنانے والی فضائی کارروائیوں کا ذکر تھا۔یہ انکشاف پچھلے ماہ دی اٹلانٹک میگزین کی رپورٹ میں سامنے آیا تھا، جس میں بتایا گیا کہ وزیر دفاع اور قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز سمیت دیگر حکام نے ایک سگنل چیٹ میں 15 مارچ کو ہونے والے حملوں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ اس معاملے نے امریکی انتظامیہ میں ہنگامہ برپا کر دیا تھا اور پینٹاگون کے انسپکٹر جنرل کی تحقیقات جاری ہیں۔

وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کو اپنے حمایتی حلقے سے بڑھتی ہوئی تنقید کا سامنا ہے، اور تین سابق عہدیداروں نے اپنے تحریری بیان میں ان کی مذمت کی۔ ان میں سے ایک سابق پینٹاگون ترجمان نے اتوار کو ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے میڈیا رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے نیویارک ٹائمز پر ٹرمپ سے نفرت کرنے والے میڈیا گروپ ہونے کا الزام لگایا۔