یمن میں “اسپائیڈر مین آف یمن” کے نام سے مشہور فری کلائمبر ہولناک حادثے میں ہلاک

یمن میں “اسپائیڈر مین آف یمن” کے نام سے مشہور فری کلائمبر ہولناک حادثے میں ہلاک

یمن میں سوشل میڈیا پر فری کلائمبنگ ویڈیوز کے باعث شہرت حاصل کرنے والے نوجوان کوہ پیما الققع بن عنتر ایک افسوسناک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 سالہ الققع بن عنتر، جنہیں آن لائن دنیا میں “اسپائیڈر مین آف یمن” کے نام سے جانا جاتا تھا، جنوبی صوبے الضالع میں واقع حرضۃ دمت آتش فشاں کے تقریباً 120 میٹر گہرے گڑھے میں چڑھائی کے دوران گر گئے۔وہ بغیر کسی حفاظتی رسے یا جدید آلات کے خطرناک چٹانوں اور پہاڑوں پر چڑھنے کی ویڈیوز کے باعث سوشل میڈیا پر خاصی شہرت رکھتے تھے۔حادثے کے بعد مقامی سول ڈیفنس اور ریسکیو ٹیموں نے تقریباً 24 گھنٹے طویل سرچ اینڈ ریکوری آپریشن کے بعد ان کی لاش برآمد کی۔ ریسکیو حکام کے مطابق دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باعث آپریشن انتہائی مشکل رہا۔

یمنی میڈیا رپورٹس کے مطابق الققع بن عنتر نے بعض مواقع پر اپنی خطرناک سرگرمیوں کو معاشی مجبوری سے جوڑا تھا اور وہ سوشل میڈیا ویڈیوز کے ذریعے آمدن حاصل کرنے کی کوشش کرتے تھے۔حکام نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے شہریوں کو بغیر حفاظتی اقدامات کے خطرناک سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔