ویبھوو سوریاونشی نے تاریخ رقم کر دی، 14 سال کی عمر میں آئی پی ایل ڈیبیو، پہلے ہی گیند پر چھکا

ویبھوو سوریاونشی نے تاریخ رقم کر دی، 14 سال کی عمر میں آئی پی ایل ڈیبیو، پہلے ہی گیند پر چھکا

ویب ڈیسک:19 اپریل بروز ہفتہ کو کھیلے گئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں راجستھان رائلز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔

 یہ میچ ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے مشہور ساوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، مگر سب کی نظریں ایک خاص نوجوان کھلاڑی پر جمی ہوئی تھیں۔اس میچ کا سب سے بڑا اور تاریخی لمحہ وہ تھا جب 14 سال اور 23 دن کے نوجوان کرکٹر ویبھوو سوریاونشی نے راجستھان رائلز کی فائنل الیون میں شامل ہو کر آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز اسپنر پریاس رائے برمن کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے 16 سال 154 دن کی عمر میں اپنا واحد میچ کھیلا تھا۔

 پہلا گیند، پہلا چھکا – جرات مند ڈیبیو
لکھنؤ سپر جائنٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ جواب میں راجستھان رائلز کی طرف سے اوپننگ کرنے آئے نوجوان ویبھوو سوریاونشی نے آتے ہی اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلایا۔انہوں نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر فاسٹ بولر شاردل ٹھاکر کو چھکا جڑ کر آئی پی ایل میں اپنی آمد کا شاندار اعلان کیا۔

 یادگار اننگز
ویبھوو سوریاونشی نے صرف 20 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ ان کی بیٹنگ میں غیرمعمولی اعتماد اور مہارت دیکھنے کو ملی، جو ان کی عمر کے اعتبار سے حیران کن ہے۔

میچ کا نتیجہ
اگرچہ راجستھان رائلز 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 2 رنز سے میچ ہار گئی، لیکن سوریاونشی کی کارکردگی نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے اور انہیں مستقبل کا بڑا ستارہ قرار دیا جا رہا ہے۔

 کرکٹ کا نیا سپر اسٹار؟
ویبھوو سوریاونشی کا ڈیبیو نہ صرف ان کے لیے بلکہ آئی پی ایل اور دنیا بھر کے نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک ترغیب ہے کہ عمر کی کوئی قید نہیں، اگر جذبہ اور قابلیت ہو تو دنیا کی کوئی بڑی اسٹیج چھوٹی نہیں لگتی۔