ویب ڈیسک: آسٹریلیا اور بھارت کے مابین کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں، آسٹریلوی بیٹر ٹم ڈیوڈ نے بھارتی بولر اکشر پٹیل کو 129 میٹر لمبا چھکا مار کر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔
یہ واقعہ میچ کے دوران اس وقت پیش آیا جب آسٹریلیا کی اننگز کے ساتویں اوور میں، ٹم ڈیوڈ نے ایک شاٹ کھیلتے ہوئے اس بلند و بالا چھکے کو جڑ دیا۔ یہ چھکا گراؤنڈ کی چھت سے ٹکرایا، جس کو دیکھ کر وہاں موجود تماشائیوں اور کمنٹیٹرز کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔اس میچ میں، ٹم ڈیوڈ نے 38 گیندوں پر 74 رنز بنائے، جن میں 8 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ ان کی اننگز کی یہ بلند و بالا چھکا خاص طور پر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، اور کرکٹ کے شائقین اس کا ذکر بڑے پیمانے پر کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے تاریخ میں سب سے لمبا چھکا شاہد آفریدی کا ہے، جنہوں نے 2013 میں 153 میٹر کا چھکا مارا تھا۔ اس کے بعد بریٹ لی نے 2005 میں 130 میٹر کا چھکا لگا کر دوسرا نمبر حاصل کیا تھا۔اس مقابلے میں بھارت نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ یہ میچ اور ٹم ڈیوڈ کا یہ 129 میٹر لمبا چھکا، کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار واقعہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔