ٹیسٹ میچز میں سرخ گیند کے بجائے پنک گیند کے استعمال کی منظوری

ٹیسٹ میچز میں سرخ گیند کے بجائے پنک گیند کے استعمال کی منظوری

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے ٹیسٹ کرکٹ اور محدود اوورز فارمیٹس میں کھیل کے دوران ضائع ہونے والے وقت کو کم کرنے اور فیصلوں میں بہتری کے لیے کئی اہم تبدیلیوں اور آزمائشی اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔

اجلاس میں منظور کیے گئے نئے فیصلوں کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں اگر خراب روشنی (لو لائٹ) کے باعث کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہو تو میچ شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کی رضامندی سے سرخ گیند کے بجائے گلابی گیند استعمال کی جا سکے گی۔ یہ فیصلہ احمد آباد میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں کیا گیا۔واضح رہے کہ گلابی گیند اب تک صرف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز میں استعمال ہوتی رہی ہے، تاہم اس نئے اقدام کا مقصد فلڈ لائٹس میں کھیل کو جاری رکھنا اور خراب روشنی کے باعث ضائع ہونے والے اوورز کو کم کرنا ہے۔مزید فیصلوں کے تحت ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں اب ہیڈ کوچز یا نامزد سپورٹ اسٹاف کو ڈرنکس بریک کے دوران میدان میں آ کر کھلاڑیوں سے براہ راست مشاورت کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں اننگز کے درمیان وقفہ 15 منٹ مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ لیگ سائیڈ وائیڈ گیندوں کے فیصلوں کے لیے گائیڈ لائنز کو مستقل قانون کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ مشکوک باؤلنگ ایکشن کی جانچ کے عمل میں شفافیت بڑھانے کے لیے امپائرز کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ فیصلوں کو زیادہ مؤثر اور درست بنایا جا سکے۔