ویمنز بگ بیش لیگ میں تاریخ رقم، ڈیانڈرا ڈوٹن بغیر گیند کھیلے ٹائمڈ آؤٹ ہوگئیں

ویمنز بگ بیش لیگ میں تاریخ رقم، ڈیانڈرا ڈوٹن بغیر گیند کھیلے ٹائمڈ آؤٹ ہوگئیں

میلبرن: آسٹریلیا کی ویمنز بگ بیش لیگ (WBBL) میں کرکٹ کا ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں میلبرن رینیگیڈز کی ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈیانڈرا ڈوٹن مقررہ وقت میں بیٹنگ کے لیے تیار نہ ہونے پر بغیر گیند کھیلے آؤٹ ہوگئیں۔

 تاہم اس حیران کن واقعے کے باوجود میلبرن رینیگیڈز نے برسبین ہیٹ کو آخری گیند پر شکست دے کر سنسنی خیز کامیابی حاصل کرلی۔ یہ واقعہ بدھ کی شب میلبرن کے جنکشن اوول میں میلبرن رینیگیڈز اور برسبین ہیٹ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پیش آیا۔ برسبین ہیٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے اور میلبرن رینیگیڈز کو جیت کے لیے 138 رنز کا ہدف دیا۔ہدف کے تعاقب میں میلبرن رینیگیڈز کی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد ڈیانڈرا ڈوٹن کو ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا، تاہم وہ مقررہ 75 سیکنڈ کے اندر کریز پر پہنچ کر بیٹنگ کے لیے تیار نہ ہوسکیں۔رپورٹس کے مطابق ڈیانڈرا ڈوٹن کریز پر پہنچنے کے بعد اپنے ہیلمٹ کی پٹی درست کر رہی تھیں اور انہوں نے بیٹنگ کے دستانے بھی نہیں پہنے تھے۔ مقررہ وقت ختم ہونے پر امپائرز نے انہیں پچ سے فاصلے پر کھڑے ہونے کی ہدایت کی، جس کے بعد برسبین ہیٹ کی اسپنر سارہ گلین نے خالی وکٹوں کو نشانہ بنایا اور گیند سیدھی اسٹمپس پر جا لگی۔یوں ڈوٹن بغیر گیند کا سامنا کیے آؤٹ ہوگئیں۔ ویمنز بگ بیش لیگ کی تاریخ میں اس مخصوص ٹائم آؤٹ اصول کے تحت کسی کھلاڑی کے آؤٹ ہونے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ 
برسبین ہیٹ کی آل راؤنڈر گریس ہیرس نے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروفیشنل کرکٹ ہے، یہاں کھلاڑیوں کو مقررہ قوانین اور وقت کی پابندی کرنا ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ڈوٹن کے آؤٹ ہونے پر کوئی افسوس نہیں کیونکہ کھلاڑیوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ بیٹنگ کے لیے کتنے وقت کی اجازت ہے۔دوسری جانب میلبرن رینیگیڈز کی کپتان سوفی مولینکس نے اعتراف کیا کہ ٹیم کی جانب سے ڈوٹن کو بیٹنگ کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کرنے میں تاخیر ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دوبارہ ایسا موقع ملے تو ٹیم پہلے فیصلہ کرے گی تاکہ کھلاڑی کو تیاری اور کریز تک پہنچنے کے لیے مناسب وقت مل سکے۔ انہوں نے سارہ گلین کی عمدہ کارکردگی کو بھی سراہا۔

 دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈوٹن کے اس غیر معمولی انداز میں آؤٹ ہونے کے باوجود میلبرن رینیگیڈز نے ہمت نہ ہاری۔ میچ کے آخری اوور میں اسے کامیابی کے لیے 9 رنز درکار تھے۔ اینی وِک مین نے اہم موقع پر پہلے ہی گیند پر چوکا لگایا، جس کے بعد آخری گیند پر ایک رن بنا کر اپنی ٹیم کو 7 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز تک پہنچا دیا۔میلبرن رینیگیڈز نے یہ مقابلہ 3 وکٹوں سے جیت لیا، جبکہ کپتان سوفی مولینکس نے گیند بازی میں بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔