آئی پی ایل میں 15 سالہ ویبھاؤ سوریاونشی نے کتنا کمایا؟

آئی پی ایل میں 15 سالہ ویبھاؤ سوریاونشی نے کتنا کمایا؟

ویبھاؤ سوریاونشی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے رواں سیزن میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سب سے زیادہ 776 رنز بنا کر اورنج کیپ اپنے نام کر لی اور اس اعزاز کو حاصل کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔

راجستھان رائلز کی نمائندگی کرنے والے 15 سالہ اوپنر کی ٹیم اگرچہ فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکی، تاہم ان کی انفرادی کارکردگی سیزن کی سب سے نمایاں پرفارمنس قرار دی گئی۔ذرائع کے مطابق سوریاونشی کو ٹیم نے گزشتہ نیلامی میں 1 کروڑ 10 لاکھ بھارتی روپے میں اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا اور بعد میں اسی معاہدے کے تحت انہیں برقرار رکھا گیا۔انہوں نے نہ صرف سب سے زیادہ رنز بنا کر اورنج کیپ جیتی بلکہ انہیں سیزن کا سب سے قیمتی کھلاڑی (MVP) بھی قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ انہیں ایمرجنگ پلیئر آف دی سیزن کا ایوارڈ بھی ملا۔

انعامات کی تفصیل کے مطابق:

پلیئر آف دی سیزن: 15 لاکھ روپے
اورنج کیپ: 10 لاکھ روپے
سپر اسٹرائیکر آف دی سیزن: 10 لاکھ روپے + گاڑی
سپر سکسز آف دی سیزن: 10 لاکھ روپے
ایمرجنگ پلیئر ایوارڈ: 10 لاکھ روپے
اس کے علاوہ ہر میچ کی شرکت پر انہیں 7.5 لاکھ روپے میچ فیس بھی ملی، جس سے ان کی مجموعی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا۔ مختلف میچ ڈے ایوارڈز اور بونسز کو ملا کر ان کی مجموعی آمدن 2 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔کرکٹ ماہرین کے مطابق اس کم عمر کھلاڑی کی مسلسل کارکردگی نے انہیں مستقبل کا بڑا اسٹار بنا دیا ہے اور انہیں آئی پی ایل سیزن کی سب سے بڑی دریافت قرار دیا جا رہا ہے۔