شہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ، ایئر کوالٹی انڈیکس بھی تشویشناک حدوں کو چھونے لگا

شہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ، ایئر کوالٹی انڈیکس بھی تشویشناک حدوں کو چھونے لگا

ویب ڈیسک: سورج کی تپش سے شہر میں گرمی کی شدت بڑھنے لگی ہے۔

 موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں درجہ حرارت 21 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کے کوئی آثار موجود نہیں، جس کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔لاہور میں فضائی آلودگی بھی تشویشناک صورتحال اختیار کر چکی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 165 پوائنٹس تک پہنچ گیا ہے، جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

کراچی کے عوام کو بھی شدید گرمی کا سامنا ہے۔ شہر قائد 23 اپریل تک ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا۔ گزشتہ روز کراچی کا درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم گرمی کی شدت 47 ڈگری جیسی محسوس کی گئی، جس نے شہریوں کو شدید پریشان کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں ریکارڈ کیا گیا، جو 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات اپنائیں، خاص طور پر دن کے اوقات میں دھوپ سے بچنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور بچوں و بزرگوں کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔