لاہور میں فضائی آلودگی اور سموگ کی شدت میں کمی نہ آ سکی، شہر کی فضا بدستور آلودہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 296 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد شہر ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست آ گیا۔فضائی آلودگی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر شہریوں کی صحت کو خطرات لاحق ہیں، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح انتہائی بلند ریکارڈ کی گئی ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق بعض مقامات پر فضائی آلودگی کی سطح 600 سے بھی تجاوز کر گئی۔علاقائی اعداد و شمار کے مطابق سی ای آر پی آفس کے علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 623 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اے آر ایم اسٹیشن پر 400، علامہ اقبال ٹاؤن میں 386 اور برکی روڈ پیراگون کے علاقے میں 296 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں اضافے سے سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن، گلے کی خراش اور کھانسی سمیت مختلف طبی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر بچے، بزرگ اور سانس و دل کے امراض میں مبتلا افراد آلودہ فضا سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ رکھتے ہیں۔طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے۔ باہر نکلنا ناگزیر ہو تو معیاری ماسک کا استعمال کریں اور آلودہ ماحول میں زیادہ دیر قیام سے اجتناب کریں۔