لاہور میں اسموگ کا راج برقرار، ایئر کوالٹی انڈیکس 509 تک پہنچ گیا، شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر

لاہور میں اسموگ کا راج برقرار، ایئر کوالٹی انڈیکس 509 تک پہنچ گیا، شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر

لاہور میں اسموگ کے بادل بدستور چھائے ہوئے ہیں جبکہ فضائی آلودگی نے خطرناک صورتحال اختیار کر لی ہے۔

 شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 509 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح انتہائی خطرناک سطح تک پہنچ گئی ہے۔ اقبال ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 902 ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ اسی طرح پیراگون سٹی میں اے کیو آئی 698، چمن پارک میں 619 جبکہ برکی روڈ پر 569 ریکارڈ کیا گیا۔دیگر علاقوں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال بہتر نہ ہوسکی۔ ماڈل ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 471، ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 412، بیدیاں روڈ پر 358 جبکہ عسکری ٹین میں 298 کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی بلند شرح شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کرسکتی ہے۔ اسموگ اور زہریلے ذرات کے باعث آنکھوں میں جلن، گلے میں خراش، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسی شکایات سامنے آسکتی ہیں، جبکہ دمہ اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد، بزرگوں اور بچوں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ باہر نکلنا ناگزیر ہو تو مناسب حفاظتی ماسک استعمال کریں، آنکھوں کو دھوئیں اور گردوغبار سے محفوظ رکھیں اور گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے حتی الامکان بند رکھیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موسم خشک ہے اور فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 اور کم سے کم 17 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد جبکہ ہواؤں کی رفتار صرف 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش کی عدم موجودگی اور ہواؤں کی کم رفتار کے باعث فضا میں موجود آلودہ ذرات کے منتشر ہونے کے امکانات محدود ہیں۔