وفاق پہلے نہروں کا منصوبہ ختم کرے پھر مذاکرات کریں گے: مرتضیٰ وہاب

کراچی کیلئے 5 یا10 نہیں100ارب کا پیکج چاہیے، عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، مئیرکراچی 
 کراچی (آئی این پی )میئرکراچی اور ترجمان بلاول بھٹو مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاق پہلے نہروں کا منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کرے، پھر مذاکرات کریں گے۔صدر ایمپریس مارکیٹ میں پارکنگ ایریا کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے الزام عائد کیا کہ نہروں کے معاملے کو پنجاب کے وزراء نے خراب کیا، سندھ نے اپنے مقدمہ کو مضبوطی سے لڑا، وزیراعظم کو بلاول بھٹو کے مطالبے پر کینالز منصوبے کو ختم کردینا چاہیے ۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم نے غیر مشروط طور حکومت کا ساتھ اس لیے دیا تھا کیوں کہ ہمیں ملک میں امن اور خوشحالی پیاری ہے پنجاب کے وزراء کے بیانات پر یہ معاملات خراب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات بالکل عیاں ہے کہ پانی کم ہوتا جارہا ہے، ایک حصے کا پانی کاٹ کر دوسرے کو نہیں دیا جاتا،ہم ترقی کے حق میں ہے لیکن پانی کی کمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ خود فرمارہی ہے کہ پانی کے لیے کام کیا جائے، وزیر اعظم شہباز شریف کو فوری طور پر کینالوں کے منصوبے کو روکنا چاہیے۔