کراچی والے پیپلزپارٹی کے منشور کیساتھ ، کسی کو مرچیں لگیں ہم اس کو کچھ نہیں کرسکتے ،مئیرکراچی
کراچی(آئی این پی )مئیرکراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بوری بند لاشوں اورچائنا کٹنگ کا دورختم ہوگیا ہے، ہم سب کراچی والے پیپلزپارٹی کے منشورکے ساتھ کھڑے ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے ایم سی بلڈنگ کی انتظامیہ نے شمسی توانائی استعمال کرنے کے لیے فیصلہ کیا ہے۔ 150کے وی کا سوہرسسٹم اس کے ایم سی عمارت میں لگائے گئے ہیں، کے الیکٹرک کے ساتھ 80 میگاواٹ نیٹ میٹرنگ کا انتظام ہوگیااس سے لوڈشیڈنگ اور بجلی کے استعمال میں بہتری ہوگی،نیٹ میٹرنگ کے ذریعے بلدیہ عظمیٰ اس سے ریونیو حاصل کریگی۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان کی پہلی بلدیاتی کونسل ہے جسے شمسی توانائی پر منتقل کیا ہے، حکومت کی مدد سے چارہسپتالوں کو سولرائز کیا جارہا ہے، اس سے سروس میں بہتری ہوگی اورنیٹ میٹرنگ سے بجلی کی بچت ہوگی، پہلی بارکراچی کی سڑکوں پرسولرائز بجلی کی لائٹ لگارہے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بوری بند لاشوں اورچائنا کٹنگ کا دورختم ہوگیا ہے، ہم سب کراچی والے پیپلزپارٹی کے منشور کے ساتھ کھڑے ہیں، کسی کو مرچیں لگیں ہم اس کو کچھ نہیں کرسکتے۔