آپ جتنے بھی روڑے اٹکا لیں ہم شہر کی رونقیں بحال کرکے دم لیں گے، ترجمان بلاول بھٹو کا ردعمل
کراچی(آئی این پی )ترجمان بلاول بھٹوزرداری بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایم کیوایم رہنمائوں کی پیپلزپارٹی مخالف پریس کانفرنس جھوٹ کے پلندہ کے سوا کچھ نہیں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم رہنمائوں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ ایم کیوایم رہنما آپس کے اختلافات کی وجہ سے اضطراب کا شکار ہیں، ایم کیو ایم رہنما آپسی اختلافات کا غصہ کسی اور پرنکال رہے ہیں، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر ایم کیو ایم رہنمائوں کو اپنا داغدارماضی یاد آجاتا ہے، ایم کیو ایم کا ماضی بوری بند لاشوں اور بھتا خوری سے مزین ہے، ایم کیو ایم والوں کو کراچی کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ جتنے بھی روڑے اٹکا لیں ہم شہر کراچی کی رونقیں بحال کرکے دم لیں گے، یہ سیاسی یتیم کراچی کے شہریوں کے دھتکارے ہوئے ہیں، ایم کیو ایم رہنما اچھی طرح جانتے ہیں کہ بلاول بھٹو پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔