فراخ دلی کا مظاہرہ کریں اور کراچی کو بجٹ دیں،کے ایم سی نے شہر کی 106 سڑکوں پر کام شروع کر دیا
کراچی(آئی این پی ) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف دل بڑا کریں کراچی آئیں، اور چند گھنٹوں کیلئے نہیں چند دن کیلئے آئیں، فراخ دلی کا مظاہرہ کریں اور کراچی کو بجٹ دیں،انہو ں نے شہریوں کو خوشخبری دی ہے کہ کے ایم سی نے شہر کی 106 سڑکوں پر کام شروع کر دیا ہے۔تفصیل کے مطابق گزشتہ رات میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ضلع کورنگی آمد کے موقع پر انھوں نے بتایا کہ کے ایم سی نے شہر کی 106 سڑکوں پر کام شروع کر دیا ہے، اور 60 دن میں سڑکوں کی بحالی کا کام مکمل کر دیں گے۔میئر کراچی مرتضی وہاب نے ایمپریس مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ، شارع فیصل کا دورہ کیا اور کہا ملیر کالا بورڈ کی سڑک بھی کے ایم سی نے بنوا کر دی تھی، کھوکھرا پار تک سڑک ہم نے تعمیر کروائی، اندرونی گلیوں کا کام بھی کے ایم سی کروا رہی ہے۔مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ گیس کی لائنوں کیلئے ٹائو نز نے روڈ کٹنگ کی اجازت دی جس سے سڑکیں خراب ہو گئیں، روڈ کٹنگ کے پیسے لے لئے لیکن سڑکیں بحال نہیں ہوئیں، کے ایم سی کی ٹیم رات کے اس پہر بھی کام کر رہی ہے، میرے لوگ جب صبح اٹھیں تو انھیں سڑکیں بنی ہوئی ملیں۔میئر نے کہا 170000 اسکوائر فٹ سڑک تعمیر کر رہے ہیں، ہم صبح گیارہ بجے پریس کانفرنس نہیں کرتے کام کرتے ہیں، جو وسائل ہیں اور پیسہ ہے وہ لوگوں کا ہے، کے ایم سی اپنی حدود سے بڑھ کر کام کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سال 28 ارب روپے خرچ کرنے جا رہے ہیں