حماس کی حکومت کا برقرار رہنا اسرائیل کیلئے بڑی شکست ہوگی: نیتن یاہو

جنگ کا خاتمہ اس وقت تک نہیں کریں گے جب تک حماس کو ختم نہ کر دیں،اسرائیلی وزیر اعظم
 اسرائیلی وزیراعظم کے بیان پر تل ابیب میں احتجاج ، غزہ میں جنگ فوری ختم کرنے کا مطالبہ 
تل ابیب(آئی این پی )اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ میں جاری صہیونی جارحیت کو جنگ کا نازک مرحلہ قرار د یا اور حماس کی مستقل جنگ بندی کی شرائط مسترد کر تے ہوئے کہا غزہ میں حماس کی حکومت کا برقرار رہنا اسرائیل کیلئے بڑی شکست ہوگی۔ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے کہ نیتن یاہو نے اس بات پر اصرار کیا کہ فلسطینی سرزمین پر فوجی مہم نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس جنگ کا خاتمہ اس وقت تک نہیں کریں گے جب تک حماس کو ختم نہ کر دیں، جب تک تمام مغویوں کو واپس نہ لے آئیں، جنگ جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حماس کے مطالبات کے سامنے جھک گئے تو ہم غزہ میں دوبارہ جنگ نہیں کر سکیں گے، غزہ میں حماس کی حکومت کا برقرار رہنا اسرائیل کیلئے بہت بڑی شکست ہوگی۔ادھر اسرائیلی وزیراعظم کے تازہ بیان پر تل ابیب میں احتجاج کیا گیا ۔ مظاہر ین نے اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف نعرے بازی کی اور غزہ میں جنگ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔