جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر لیے، تفتیش کا دائرہ مزید بڑھا دیا :تاثیر ریاض چیمہ
چیچہ وطنی(نمائندہ حریف)تھانہ بنگلہ اوکانوالہ کی حدود میں زمین کے تنازعہ پر باپ، بیٹا قتل، ڈی پی او ساہیوال کا فوری نوٹس، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ اوکانوالہ بنگلہ کی حدود نواحی علاقے 47بارہ ایل میں زمین کے تنازع پر باپ اور بیٹے کے اندوہناک دوہرے قتل کا مقدمہ رانا ذوالفقار کی اہلیہ کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں رانا مزمل عرف ببلی کو مرکزی ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال رانا طاہر رحمان خان نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سرکل چیچہ وطنی تاثیر ریاض چیمہ کو خصوصی احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کیس کی تفتیش شفاف انداز میں کی جائے اور ملوث ملزم کو ہر صورت گرفتار کیا جائے۔ڈی ایس پی تاثیر ریاض چیمہ نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، اور تفتیش کا دائرہ مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پولیس نے واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔