روس نے استونیا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے الزام کو مسترد کر دیا

روس نے استونیا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے الزام کو مسترد کر دیا

روس نے استونیا کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے جنگی طیارے بین الاقوامی قوانین کے مطابق پرواز کرتے رہے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق جمعے کو 3 مگ-31 طیاروں نے کاریلیا سے کیلین انگراڈ ایئر فیلڈ تک شیڈولڈ پروازیں کیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ان طیاروں نے دورانِ پرواز کسی بھی ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی اور مانیٹرنگ سے بھی اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے۔وزارت دفاع کے مطابق یہ پروازیں ویندلو جزیرے سے 3 کلومیٹر کے فاصلے پر بحیرہ بالٹک کے غیرجانبدار حصے کے اوپر کی گئیں۔

دوسری جانب استونیا کی وزارتِ خارجہ نے الزام لگایا تھا کہ روسی طیاروں نے 12 منٹ تک ان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ اس سلسلے میں روسی ناظم الامور کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا تھا۔استونیا نے اس معاملے پر نیٹو سے مشاورت کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ سلامتی خدشات کی بنیاد پر آرٹیکل فور کے تحت روس کے خلاف ممکنہ کارروائی پر غور کیا جا سکے۔