وارسا: پولینڈ نے روس پر اپنی فضائی حدود کی دانستہ خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ روسی نگرانی کرنے والا ایک ڈرون مختصر وقت کے لیے پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔
واقعے کے بعد یوکرین جنگ کے دیگر یورپی ممالک تک پھیلنے کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولینڈ کی مسلح افواج کی آپریشنل کمانڈ نے پیر کی رات مقامی وقت کے مطابق نصف شب سے قبل بتایا کہ ایک ڈرون نے مختصر وقت کے لیے ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ حکام کے مطابق ڈرون کو مار گرانے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اس کے مشرق کی جانب رخ کرنے اور شہری آبادی کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر فائرنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پولینڈ کے نائب وزیر دفاع پاول زالیوسکی نے ایک نجی ریڈیو اسٹیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو محض اتفاق قرار دینا مشکل ہے، اسی لیے اسے دانستہ کارروائی تصور کیا جا رہا ہے۔ایک اور نائب وزیر دفاع اسٹانیسلاو وِژیاتیک نے سرکاری ریڈیو کو بتایا کہ پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہونے والی چیز روسی نگرانی کرنے والا ڈرون تھا۔ ان کے مطابق ڈرون ایک گنجان آباد علاقے کے اوپر پرواز کر رہا تھا اور اسے مار گرانے کی صورت میں اس کا ملبہ شہریوں اور املاک کے لیے نقصان کا سبب بن سکتا تھا۔
روسی سفیر طلب، احتجاجی مراسلہ حوالے
واقعے پر سفارتی سطح پر بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ پولش وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق روسی سفیر کو منگل کی سہ پہر طلب کیا گیا، جہاں انہیں سخت احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا۔دوسری جانب روسی سفارت خانے نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
یوکرین جنگ کے یورپ تک پھیلنے کے خدشات
حالیہ دنوں میں پیش آنے والے متعدد واقعات نے یوکرین جنگ کے دیگر یورپی ممالک تک پھیلنے کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔پولینڈ کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز تین روسی KH-101 میزائل اس کی حدود میں گرے تھے۔ ہفتے کے روز بحیرہ بالٹک میں روسی فوج سے مبینہ روابط رکھنے والے ایک مال بردار جہاز کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی۔ فن لینڈ نے اس واقعے کو ممکنہ طور پر یوکرین کا حملہ قرار دیا۔اسی طرح اتوار کے روز یوکرین نے بحیرہ روم میں لیبیا کی ایک بندرگاہ پر روسی بحریہ کے کارویٹ جنگی جہاز کو سمندری ڈرونز کے ذریعے غرق کرنے کا دعویٰ کیا۔
روس کا ایسٹونیا پر بھی دشمنانہ اقدامات کا الزام
دوسری جانب روس نے پیر کے روز نیٹو اور یورپی یونین کے رکن ملک ایسٹونیا پر دشمنانہ اقدامات کا الزام عائد کیا۔ روسی مؤقف کے مطابق ایسٹونیا کے اقدامات کھلی جنگ شروع ہونے کا سبب بن سکتے ہیں۔ یہ بیان ایسٹونیا کی جانب سے روس کے ساتھ زمینی سرحد بند کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا۔پولینڈ کے نائب وزیر دفاع پاول زالیوسکی نے مزید بتایا کہ میزائل واقعے کے بعد نیٹو اپنے فضائی نگرانی کے نظام کے تحت ایک اے ڈبلیو اے سی ایس (AWACS) طیارہ پولینڈ میں تعینات کرے گا، جس کا مقصد فضائی نگرانی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
شہریوں میں تشویش، سخت اقدامات کا مطالبہ
پولینڈ اور ایسٹونیا کے شہریوں نے بھی خطے کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وارسا کی رہائشی گریژینا لیوانڈوسکا کے مطابق لوگ ہر صبح خبریں دیکھنے کے لیے بے چین رہتے ہیں کہ کہیں کوئی نیا حملہ تو نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ روس یہ جانچنے کے لیے اشتعال انگیزی کر رہا ہے کہ متعلقہ ممالک اور ان کے شہری کس طرح ردعمل دیتے ہیں۔دوسری جانب پولینڈ کے بعض شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملکی سرحدوں کے قریب آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو فوری طور پر مار گرایا جائے تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔