اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ملزم عمر حیات پر فردِ جرم عائد کر دی۔
کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کی۔ دورانِ سماعت ملزم عمر حیات کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ جج نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ثنا یوسف کو قتل کیا ہے؟ملزم نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب جھوٹ ہے، میں نے کوئی جرم نہیں کیا۔ عدالت نے مزید پوچھا کہ آپ پر الزام ہے کہ آپ نے مقتولہ کا موبائل فون بھی چھینا تھا۔ عمر حیات نے جواب دیا کہ میرے اوپر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔
عدالت نے فردِ جرم عائد کرنے کے بعد کیس کی مزید سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ تھانہ سنبل میں ملزم عمر حیات کے خلاف مقدمہ درج ہے، جس میں الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر ثنا یوسف کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کیا اور اس کا موبائل فون چھین لیا تھا۔