سیشن کورٹ لاہور میں ٹک ٹاکر عائشہ جٹ سے مبینہ زیادتی کے الزام میں یوٹیوبر رجب بٹ اور دیگر ملزمان کے خلاف دائر استغاثہ پر سماعت ہوئی، مگر ملزمان کے وکلاء کی عدم دستیابی کے سبب فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکی۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر یاب چدھڑ نے عائشہ جٹ کی جانب سے دائر استغاثہ پر سماعت کی، جس دوران رجب بٹ، سلمان حیدر، عبدالرحمان، جہانگیر اور جواد سمیت تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔ سماعت کے دوران جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بیرسٹر میاں علی اشفاق اور ایڈووکیٹ رانا عبدالمعروف دیگر مقدمات میں مصروف ہیں، اس لیے عدالت سے درخواست کی گئی کہ کیس کی سماعت کے لیے نئی تاریخ دی جائے۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ پولیس کے مطابق، ملزمان کے خلاف تھانہ نواب ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے اور کیس پر قانونی کارروائی جاری ہے۔