ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس، ملزم عمر حیات کا جسمانی ریمانڈ تین روز کے لیے منظور

ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس، ملزم عمر حیات کا جسمانی ریمانڈ تین روز کے لیے منظور

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں ملزم عمر حیات کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 23 جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

پیر کو ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ کی تکمیل پر جوڈیشل مجسٹریٹ حفیظ احمد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پراسیکیوشن کی جانب سے وکلاء عدنان علی، راجہ نوید حسین اور مظہر بشیر پیش ہوئے۔پراسیکیوٹر راجہ نوید نے مؤقف اختیار کیا کہ "ملزم کے زیر استعمال گاڑی برآمد کی جا چکی ہے، تاہم ملزم کا موبائل فون تاحال برآمد نہیں ہو سکا، جس میں اہم شواہد موجود ہونے کا امکان ہے۔" انہوں نے عدالت سے مزید سات دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم عمر حیات کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور پولیس کو 23 جون کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔واضح رہے کہ تھانہ سمبل میں درج مقدمے کے مطابق ملزم عمر حیات نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو ان کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ مقدمہ سنگین نوعیت کا ہے اور پولیس کی تفتیش جاری ہے۔