لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعجاز چوہدری کی سزا کے خلاف اپیلیں 25 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے مقرر کی گئی ان اپیلوں کی سماعت جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ کرے گا۔یاد رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے اعجاز احمد چوہدری کو 4 مختلف مقدمات میں 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی، یوں انہیں مجموعی طور پر 40 سال قید کی سزا کا سامنا ہے۔اعجاز چوہدری نے ان سزاؤں کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ اپیلوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کے خلاف درج مقدمات بے بنیاد ہیں اور انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ حقائق کے برعکس اور جھوٹے الزامات کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں۔