اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ 18 نومبر کو اپیلوں پر سماعت کرے گا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیلوں پر وکلا سے دلائل طلب کر رکھے ہیں۔ عدالت کی جانب سے گزشتہ سماعت کا دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں متعلقہ اپیلوں کی پیپر بکس سات روز میں تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کی ملاقات سے متعلق درخواست پر بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ عدالت نے توقع ظاہر کی ہے کہ سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ ملاقات کے دوران سیاسی معاملات پر گفتگو نہیں کریں گے بلکہ خود کو قانونی امور تک محدود رکھیں گے۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل وکلا کی ملاقات کا انتظام کرائیں گے اور ملاقات کا دورانیہ ایک گھنٹے سے کم نہیں ہوگا۔
سماعت کے دوران لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے کے باعث وہ اپیلوں پر دلائل دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ دوسری جانب سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں اپیل پر دلائل دینے کے لیے ہدایات مل چکی ہیں، تاہم ملاقات کا دورانیہ کم ہونے کے باعث مزید مشاورت کی ضرورت ہے۔وکلا کی استدعا پر عدالت نے دلائل کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔ عدالت نے اپیلوں کی پیپر بکس کی تیاری اور وکلا کی مشاورت سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔