لاہور ہائیکورٹ میں اعجاز چوہدری کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت 20 اپریل کو مقرر

لاہور ہائیکورٹ میں اعجاز چوہدری کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت 20 اپریل کو مقرر

لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کے لیے تاریخ مقرر کردی ہے۔

 عدالت 20 اپریل کو اس کیس کی سماعت کرے گی۔سماعت کے لیے جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔پنجاب حکومت کی جانب سے اس کیس میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ عرفان خان لودھی پیش ہوں گے، جبکہ اسپیشل پراسیکیوٹر بھی عدالت میں اپنا مؤقف پیش کریں گے۔اعجاز چوہدری کے وکلاء بھی اپنے دلائل کے ساتھ عدالت میں موجود ہوں گے۔یاد رہے کہ اعجاز چوہدری کو سانحہ 9 مئی کے مختلف مقدمات میں مجموعی طور پر 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، جسے انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ وہ نہ صرف اپنی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کر چکے ہیں بلکہ ان سزاؤں کی معطلی کے لیے بھی علیحدہ درخواستیں جمع کروا رکھی ہیں۔