لاہور: سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز احمد چوہدری کو سنائی گئی سزاؤں کے معاملے پر سزاؤں کی معطلی سے متعلق درخواستیں 13 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئیں۔
ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق کیس کی سماعت جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ کرے گا۔پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ خان لودھی پیش ہوں گے۔واضح رہے کہ اعجاز احمد چوہدری نے سانحہ 9 مئی 2023 کے مختلف مقدمات میں انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزاؤں کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ٹرائل کورٹ نے اعجاز چوہدری کو مختلف مقدمات میں دس دس سال قید کی سزائیں سنائی تھیں۔