محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم جنوبی پنجاب، جنوبی بلوچستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
جمعرات کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ دوپہر کے بعد تیز ہوائیں چلنے اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان (30 فیصد) ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، کالام، پاڑاچنار، وزیرستان اور سوات میں بارش متوقع ہے۔پنجاب میں عمومی طور پر موسم گرم اور خشک رہے گا، البتہ مری، گلیات، جہلم، قصور، ملتان، راجن پور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور بہاولپور میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ کشمور، جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ اور دادو میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان میں بھی بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بارکھان، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔کشمیر میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ بارش جبکہ گلگت بلتستان میں جزوی ابر آلود موسم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں نوکنڈی 48، سبی اور دادو 47 جبکہ دالبندین اور جیکب آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔