وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز: کینسر قابل علاج مرض، عوامی شعور اجاگر کرنا ضروری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز: کینسر قابل علاج مرض، عوامی شعور اجاگر کرنا ضروری

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کینسر سے بچاؤ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کینسر ایک قابل علاج بیماری ہے، اور مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ پاکستان میں اس بیماری کے باعث شرح اموات تشویشناک حد تک زیادہ ہے۔مریم نواز نے کہا کہ وہ کینسر کے باعث اپنی والدہ کو کھونے کا غم کبھی نہیں بھلا سکتیں، اسی لیے پنجاب میں عوام کے لیے کینسر کے علاج کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر اسپتال "نواز شریف کینسر اسپتال" زیرِ تکمیل ہے، جہاں ہر اسٹیج کے مریض کو مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی کے لیے کینسر کے مہنگے علاج کے اخراجات برداشت کرنا مشکل ہے، اس لیے حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔ مریم نواز نے سگریٹ نوشی اور منشیات کے استعمال کو ترک کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان سے بچ کر کینسر کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں ہر ضلع میں کینسر کے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فضائی اور آبی آلودگی بھی کینسر کے پھیلاؤ میں بڑا کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے عوام میں اس حوالے سے شعور اجاگر کرنا ضروری ہے۔