لاہور: پنجاب میں صدیوں پرانی صلح صفائی اور ثالثی کی روایات کو بحال کرنے کے لیے پنچائیت نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پنچائیت نظام کے قیام کی اصولی منظوری دے دی اور اس حوالے سے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنچائیت نظام کے قیام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جو فریقین کی باہمی رضامندی سے مقامی تنازعات حل کرنے میں کردار ادا کریں گی۔بریفنگ کے مطابق پنچائیت کمیٹیوں کے ارکان کی تقرری ڈپٹی کمشنر کرے گا۔ اس مقصد کے لیے غیر جانبدار، نیک نام اور متعلقہ علاقے کے مستقل رہائشی افراد کا انتخاب کیا جائے گا تاکہ ثالثی کا عمل شفاف اور غیر جانب دارانہ انداز میں مکمل ہوسکے۔مجوزہ نظام کے تحت خواتین، اقلیتوں اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کے لیے بھی انصاف تک رسائی آسان بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس نظام کا مقصد مقامی سطح پر چھوٹے موٹے تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنا اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ پنچائیت نظام مقررہ قانونی حدود کے اندر کام کرے گا اور اس کے قیام سے عدلیہ کا آئینی و قانونی دائرہ اختیار متاثر نہیں ہوگا۔ پنچائیت کمیٹیوں کے اختیارات اور ذمہ داریوں کا تعین باقاعدہ قواعد و ضوابط کے تحت کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام سے پنچائیت پروگرام کے لیے رولز اور پالیسی گائیڈ لائنز پر مشتمل جامع پلان طلب کرلیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنچائیت کے اختیارات، طریقہ کار اور حدود کے تعین کے لیے واضح قواعد مرتب کیے جائیں تاکہ نظام کو مؤثر اور قانونی تقاضوں کے مطابق بنایا جاسکے۔اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ معاشرتی ثالثی کے ذریعے چھوٹے موٹے جھگڑے نمٹانا ہماری قدیم روایت ہے، جسے جدید تقاضوں کے مطابق دوبارہ فعال بنایا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنچائیتی نظام کا قیام شہریوں کو نظام انصاف میں شراکت دار بنانے کی کوشش ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ عوام کو نچلی سطح پر اختیارات میں شریک کیا جائے اور انہیں باہمی رضامندی سے اپنے مقامی تنازعات کے فیصلے کرنے کا موقع ملے۔مریم نواز شریف کے مطابق پنچائیت نظام کے قیام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ شہریوں کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔