پاکستان کے مختلف شہروں میں ہندو برادری کی جانب سے روشنیوں کا تہوار، دیوالی مذہبی عقیدت اور روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
لاہور کے راوی روڈ کرشنا مندر میں دیوالی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، مندر کو رنگ برنگی دیوں اور چراغوں سے سجایا گیا ہے جبکہ عقیدت مندوں کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ رات کے وقت پھلجھڑیاں اور پٹاخے جلانے کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ہندو برادری کے افراد نے اس موقع پر نئے کپڑے پہنے، ایک دوسرے کو دیوالی کی مبارکباد دی اور خوشیاں بانٹیں۔مندر کے پنڈت کاشی رام کے مطابق،“دیوالی ہندو مذہب میں خوشی اور روشنی کی علامت ہے، جو نیکی کی بدی پر فتح کی یاد دلاتی ہے۔”انہوں نے بتایا کہ رات کے وقت مرکزی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔پنڈت کاشی رام کا مزید کہنا تھا کہ،“آج کے دن ہم نے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی ہے۔”