کراچی: پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں قومی جوش و جذبے اور احترامِ آزادی کے ساتھ شاندار تقاریب منعقد کی گئیں۔
دن کا آغاز توپوں کی سلامی، قرآن خوانی، دعاؤں اور گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب سے ہوا، جس میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
قائداعظم کے مزار پر مرکزی تقریب
کراچی میں بانی پاکستان کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ کیڈٹس نے عسکری انداز میں قائداعظمؒ کو سلام پیش کیا، جبکہ پریڈ میں شاندار مارچ پاسٹ اور فوجی مہارت کے مظاہرے دیکھنے کو ملے۔تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال تھے، جبکہ پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹیننٹ سمیع اللہ نے سر انجام دیے۔ کیڈٹس نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
ملکی دارالحکومت اور صوبوں میں یوم آزادی کی تقریبات
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم آزادی کا آغاز 31 توپوں کی سلامی سے کیا گیا، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے فلک شگاف نعروں کے ساتھ دشمن کو پیغام دینے والے انداز میں نعرہ تکبیر – اللہ اکبر کے ساتھ توپوں کی سلامی دی، جو ملکی خودمختاری، قومی وقار اور افواجِ پاکستان کی قربانی و تیاری کی علامت ہے۔
قرآن خوانی اور دعائیں
یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ نمازِ فجر کے بعد وطن عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قومی اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔علمائے کرام نے خطابات میں عوام کو آزادی کی نعمت پر شکر گزاری کرنے اور اس کی حفاظت کے لیے قومی اتحاد، یکجہتی اور قربانی کے جذبے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔تقریب میں شریک افراد نے حب الوطنی کے جذبات کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھا۔