اسلام آباد:رواں برس یوم پاکستان کی تقریبات کو محدود پیمانے پر، لیکن روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی مناسبت سے کیا گیا ہے تاکہ اس مہینے کی مذہبی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یوم پاکستان کی تقریبات کو کم پیمانے پر منعقد کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب ایوانِ صدر میں ہوگی، جہاں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے دستے بھرپور شرکت کریں گے۔ اس سال کی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری مہمان خصوصی ہوں گے، اور مسلح افواج کے دستے انہیں سلامی پیش کریں گے۔پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے ایوانِ صدر کے سامنے فلائی پاسٹ کریں گے، جبکہ پاکستان آرمی کا پائپ اینڈ پرکشن بینڈ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا۔یوم پاکستان کی اس تقریب میں غیر ملکی سفرا اور دیگر اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اس موقع پر پوری قوم میں حب الوطنی اور یکجہتی کے جذبات کی عکاسی ہوگی۔یوم پاکستان کی یہ تقریبات نہ صرف قومی یکجہتی کا پیغام دیں گی بلکہ پاکستان کی مسلح افواج کی اہمیت اور قربانیوں کو بھی اجاگر کریں گی۔