امریکا میں احتجاجی مظاہرے ،میں بادشاہ نہیں ہوں :ٹرمپ

ٹرمپ کی حکومت آمرانہ،جمہوری اقدار کو نقصان پہنچا رہی :مظاہرین 
امریکی صدر کی احتجاجی مظاہرین پر کچرا پھینکنے کی اے آئی ویڈیو وائرل 
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کی تمام 50 ریاستوں میں "نو کنگز" کے نام سے بڑے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جن میں 2700سے زائد شہروں میں لاکھوں افراد شریک ہوئے۔ صرف شکاگو میں ہی تقریباً ڈھائی لاکھ مظاہرین نے احتجاج میں حصہ لیا۔یہ مظاہرے تارکین کی جبری بے دخلی، فوج کی تعیناتی اور صدر ٹرمپ کی سخت گیر پالیسیوں کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی حکومت آمرانہ طرزِ عمل اختیار کر رہی ہے اور جمہوری اقدار کو نقصان پہنچا رہی ہے۔دوسری جانب امریکی صدر کی ایک نئی اے آئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں انہیں جنگی طیارہ اڑاتے ہوئے مظاہرین پر گندگی پھینکتے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں ٹرمپ نے بادشاہوں کی طرح سر پر ایک سنہری تاج بھی پہنا ہوا ہے۔یہ ویڈیو اس وقت سامنے آئی ہے جب مظاہروں کے ردِعمل میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ خود کو بادشاہ تصور نہیں کرتے۔ ریپبلکن رہنماؤں نے ان احتجاجوں کو امریکا مخالف مہم قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔