تحریک انصاف احتجاج کے معاملات پر کشمکش کا شکار‘گرفتاریوں اور دیگرمسائل سے بچنے کیلئے نئی حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ، 8 نومبر کو پشاور میں ہونے والا جلسہ بھی منسوخ
جلسے کی جگہ صوابی کے مقام پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جو تین دن جاری رہے گا‘ ملک بھر سے ورکرز اور رہنما شرکت کریں گے‘ ہر روز مرکزی اور صوبائی رہنما خطاب کرینگے
اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں احتجاجی جلسے اور مظاہرے منسوخ کر دئیے، گرفتاریوں اور دیگرمسائل سے بچنے کیلئے نئی حکمت عملی اختیار کرنے کافیصلہ،8 تاریخ کو پشاور میں ہونے والا جلسہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے، جلسے کی جگہ صوابی کے مقام پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا،پارٹی رہنماؤں نے تصدیق کی ہے دھرنے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے، دھرنے کیلئے 10 تاریخ کے بعد کسی موزوں دن کا انتخاب کیا جائے گا۔دھرنا صوابی قیام و طعام کے مقام پر دیا جائے گا۔پارٹی رہنماؤں کا یہ بھی کہنا ہے کہ دھرنا کم سے کم تین روز تک جاری رہے گا۔ دھرنے میں ملک بھر سے ورکرز اور رہنما شرکت کریں گے، دھرنے سے ہر روز مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف احتجاج کے معاملات پر کشمکش کا شکار ہے جس کے باعث پی ٹی آئی نے ملک بھر میں احتجاج کا فیصلہ منسوخ کر دیا۔