بکر منڈی پرچھاپہ، 1400کلو مضر صحت گوشت تلف

 مقدمہ درج،نیلی کالی رنگت کاگوشت گندی بدبودار جگہ پر رکھا گیا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بکر منڈی میں چھاپہ مارا، غیر قانونی مذبح خانے کیخلاف آپریشن کے دوران 1400کلو مضر صحت گوشت تلف کر کے مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ نیلی کالی رنگت کاگوشت گندی ،بدبودار جگہ پر رکھا گیا تھا۔ ویٹرنری سپیشلسٹ نے گوشت کا تفصیلی معائنہ کیا اور گوشت کو انسانی استعمال کے لیے انتہائی مضر قراردیا، ڈی جی فوڈاتھارٹی نے بتایا کہ زنگ آلود بکس کا استعمال کیا جارہا تھا اور پروسیسنگ ایریا میں نالیاں کھلی اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔ سلاٹرنگ ایریا میں ٹوٹا فرش، مکھیوں مچھروں کی بھرمار پائی گئی،انتہائی لازم جانور کی خرید اور گوشت سپلائی کا ریکارڈ موجود نہیں تھا،برآمد شدہ تمام تر ناقص گوشت قانونی کارروائی کے بعد تلف کر دیا گیا،ملازمین کے میڈیکلز اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس عدم موجود پائے گئے، ڈی جی فوڈاتھارٹی نے بتایا رواں سال 8لاکھ 94ہزار کلو سے زائد گوشت تلف، 381 مقدمات درج کروائے جاچکے ہیں،بیمار اور کم عمر جانور نواحی علاقوں سے لا کر گوشت تیار کیا جارہا تھا، پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بنیادی مقصد محفوظ، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔